آپ کے دوست شاکر کی تلخ و شیریں باتیں، تبصرے تجزیے اور حال دل

آوازِ دوست

محفوظاتِ تحاریر

اوپن سوسی کے ساتھ پہلا دن

March 26th, 2008بذریعہ

اوپن سوسی پہلی ڈِسٹرو ہے جسے اوبنٹو کے بعد ہم نے کئی بار دل کرنے پر بھی اڑایا نہیں۔ پہلی بار سی ڈی پر برن کرنے کے بعد انسٹال کیا شاید ہمارے اناڑی پن کی وجہ سے انسٹالر ایک جگہ جاکر اڑ گیا۔ ہم نے سسٹم بند کیا، ونڈوزسے بوٹ کروایا اور پھرے سے سی ڈی پر آئسو امیج کو برن کیا۔ اس کے بعد انسٹالیشن خیریت سے ہوئی۔ اوبنٹو کے انسٹالر کے مقابلے میں خاصا پیچیدہ سا انسٹالر ہے اس کا اور وقت بھی زیادہ لیتا ہے۔

خیر انسٹالیشن کے بعد لاگ ان ہوئے اور کوئی ستر بار تو کوشش کرہی لی ہوگی ریزولوشن بدلنے کی لیکن مجال ہے جو 1024 ضرب 768 سے ایک انچ آگے پیچھے ہوجائے۔ اصل میں ونڈوز پر تو یہ ٹھیک ہے لیکن لینکس پر ہمارا گرافکس کارڈ مسئلہ کرجاتا ہے اور سکرین ایک طرف کو چلی جاتی ہے اور سکرین کا سائز بھی کافی چھوٹا ہوجاتا ہے جیسے ونڈوز پر 800 بائی 600 کی ریزولوشن پر ہوتا ہے۔ اوبنٹو پر گسٹی کے بعد ریزولوشن بدلنے کا بڑا اچھا سسٹم آگیا تھا سوسی کو ابھی تک کوئی توفیق نہیں ہوئی۔

خیر اس کو بھی چھوڑتے ہیں ہم ایک کچھ کرلیں گے اس کا ایک طرف ایک پینل لگا دینے سے شاید کام بن جائے اوپن سوسی کا ورژن 11 جلد ہی آرہا ہے شاید وہاں معاملہ ٹھیک ہوجائے۔ آگے کی سنیے ہمیں پیکج منجر کی سمجھ نہیں آرہی تھی۔ یاسٹ اپنے پلے تو نہیں پڑاعجیب سی چیز ہے۔ جی ٹی کے میں اس کا موجہ ہے اور سوسی والوں نے سارا کے ڈی ای کنٹرول سینٹر اس میں گھسیڑ دیا ہے۔ سارے سسٹم کی کنفگریشن یہیں سے ہوسکتی ہے لیکن سافٹویر کا انتظام مجھے پسند نہیں آیا۔ ہم تلاش میں تھے کہ ایڈوانسڈ پیکجنگ ٹول مل جائے کہیں سے۔ آخر ہمیں آفیشل دستاویزات سے اس کا ایک حل مل ہی گیا ہے۔ انشاءاللہ آج رات بیٹھ کر ہم اسے اور سنیپٹک کو انسٹال کرلیں گے۔اس کے بعد سسٹم کو اپڈیٹ کریں گے تاکہ کچھ کام کا سلسلہ بن سکے۔

اس میں وہی پرانا مسئلہ ہے فائر فاکس کا جو کبھی اوبنٹو میں تھا دو سال پہلے جس کی وجہ سے اردو کے فونٹس ٹھیک رینڈر نہیں ہوتے تھے۔ مجھے نعمان کے بلاگ پر ایک بار پھر جانا ہوگا لگتا ہے۔ لیکن پہلے اپگریڈ کروں گا سسٹم کو شاید کام بن جائے ایسے ہی ورنہ پھر پینگو کو ڈس ایبل کروں گا۔

دعا کیجیے اس کا اور میرا ساتھ بن جائے۔ میں اس بار بڑے خشوع و خضوع سے اوبنٹو کو چھوڑ کر آیا ہوں۔ ورنہ اس کی چاٹ ایسی لگی ہے کہ کوئی اور ڈسٹرو ایک دن سے زیادہ میرے پاس ٹکی ہی نہیں۔ ایک آپس کی بات بتاؤں لینکس میں میرا سب سے زیادہ تجربہ اے پی ٹی استعمال کرنے کا ہے اور اوبنٹو کو بار بار انسٹال کرنے کا۔ اور کچھ نہیں آتا مجھے۔ باقی ادھر ادھر سے ٹیوٹوریل پکڑ کر گزارہ کرلیا کرتا ہوں۔ ;)

1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (No Ratings Yet)
Loading ... Loading ...

محفوظاتِ تحاریر

KubuntuKDE4 Alpha

February 27th, 2008بذریعہ

کے اوبنٹو ہارڈی ہیرون 8.04 اپریل میں منظر عام پر آرہا ہے۔ اس کے دور ورژن ہونگے اس بار۔ ایک کیڈی 3 کے ساتھ اور ایک کیڈی چار کے ساتھ۔ موخر الذکر تجارتی بنیادوں پر سپورٹ شدہ نہیں ہوگا۔ اسے صرف کمیونٹی کی سپورٹ حاصل ہوگی۔ لیکن کے ڈی ای کے چاہنے والے کہاں یہ دیکھتے ہیں۔ یہ دیکھیے کے ڈی ای چار کے ساتھ کیا سکرین شاٹ ہے اس کے الفا ورژن کی۔ اگرچہ ابھی تک کے ڈی ای 4 سٹیبل نہیں اس میں بہت سی چیزیں درست ہونے والی ہیں لیکن امید کرتے ہیں کہ اگلے چھ ماہ میں کے ڈی ای چار پوری آب و تاب کے ساتھ 3 کی جگہ لے لے گا۔

1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (No Ratings Yet)
Loading ... Loading ...

محفوظاتِ تحاریر

اوبنٹو 7.10 گسٹی گبن

October 7th, 2007بذریعہ

ٹھیک گیارہ دن بعد اوبنٹو کا نیا ورژن گسٹی گبن جاری کیا جارہا ہے۔ اس ورژن میں کافی ساری نئی چیزیں متعارف کروائی گئی ہیں۔

  • گوگل ڈیسکٹاپ جو اس سال لینکس کے لیے بھی جاری کردیا گیا تھا  کے مقابلے پر اوبنتو اور کبنٹو دونوں میں ڈیسکٹاپ تلاش گر متعارف کروائے گئے ہیں۔ امید ہے یہ "پیدائشی" اطلاقیے گوگل ڈیسکٹاپ کی نسبت بہتر اور تیزی سے کام کریں گے۔
  •  این ٹی ایف ایس فائل سسٹم کی رائٹنگ سپورٹ شامل کردی گئی ہے۔ اس سے پہلے اوبنٹو لینکس اور اس کے "بچڑے" صرف اس کو پڑھ ہی سکتے تھے۔ یہ کام این ٹی ایف ایس 3 جی نامی ایک ڈرائیور کی بدولت ممکن ہوا ہے۔
  • اوبنٹو میں سہ جہتی اثر کے لیے کمپز بیرائل طےشدہ طور پر شامل کردیا گیا ہے۔ اگر آپ کا سسٹم اس قابل ہے (یعنی کم از کم 512 میگا بائٹ ریم اور 64 میگا بائٹ سے زیادہ گرافکس کارڈ میموری والا) تو سہ جہتی ڈیسکٹاپ خود بخود دوران تنصیب فعال ہوجائے گا۔ افسوس اس بات کا ہے کہ یہ صرف اوبنٹو میں کیا گیا ہے۔ کبنٹو میں یہ سارا کام خود سے کرنا ہوگا۔
  • کبنٹو میں کنکرر کی چھٹی کرکے ڈولفن کو فائل مینجر بنا دیا گیا ہے۔ اگرچہ کنکرر بھی یہ کام کرتا رہے گا۔
  • کے ڈی ای 4 اس اشاعت میں شامل نہیں۔ اس کا مستحکم ورژن اکتوبر کی بجائے اب نومبر میں متوقع ہے۔
  • کبنٹو میں ایجوکیشن اوبنتو کے پیکج شامل کردیئے گئے ہیں۔ ایجو اوبنتو اصل میں اوبنٹو کا ایک بچڑا ہے جو کہ خصوصًا بچوں اور اساتذہ کے لیے بنایا گیا ہے۔ لیکن اس کے سارے اطلاقیے کے ڈی ای ایجوکشن پروجیکٹ سے لیے گئے ہیں جبکہ ڈیسکٹاپ گنوم ہے۔ اب یہ سارے اطلاقیے آپ کبنٹو میں ایک کمانڈ سے نصب کرسکتے ہیں۔

sudo apt-get install edubuntu-desktop-kde

  • فائر فاکس اور کنکرر میں پلگ انز کی تنصیب زیادہ آسان کردی گئی ہے۔ خصوصًا فائر فاکس میں اب انھیں ونڈوز کی طرح پلگ ان سرچ سے ڈھونڈا جاسکتا ہے۔
  • اوبنٹو میں سکرین ریزولوشن کم زیادہ کرنے کے لیے ایک ٹول شامل کیا گیا ہے
  • ملکیتی ڈرائیورز کو منظم کرنے کے لیے ایک ڈرائیور مینجر الگ سے دونوں میں شامل کیا گیا ہے۔
  • اوبنٹو میں پرنٹرز کی تنصیب کے بارے میں مزید بہتری لائی گئی ہے۔ اب یہ خودکارانہ نصب ہوتے ہیں۔
  • اوبنٹو میں غیر مفت پروگرام انسٹال کرنے کے لیے ایک پیکج ترتیب دیا گیا تھا۔ اسی طرح کا پیکج اب کبنٹو کے لیے بھی kubuntu-restricted-extras  کے نام سے دستیاب ہے۔ اس میں جاوا، فلیش پلئیر، کوڈکس وغیرہ شامل ہیں۔
  • کبنٹو کا آرٹ ورک اور اس کی دستاویزات کو بھی جدید کیا گیا ہے۔

ہم تو ابھی سے دانت تیز کررہے ہیں کہ سسٹم کو اپگریڈ کریں۔

 

 

1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (No Ratings Yet)
Loading ... Loading ...

محفوظاتِ تحاریر

کے ڈی ای کا میوزک پلئیر ایماراک

June 26th, 2007بذریعہ

سنیپٹک کے ڈی ای کے میوزک پلئیر ایماراک کا ورژن 1.4.6 اب دستیاب ہے۔ اگر آپ کو اپڈیٹ مینجر نے ابھی تک اس سے مطلع نہیں کیا تو سنیپٹک پیکج مینجر سے جاکر پہلے ری لوڈ سے سافٹویر لسٹ تازہ کریں اور اس کے بعد اپگریڈ کے ذریعے تازہ ترین سافٹویر نصب کرلیں۔

اگر یہ سب کمانڈ لائن سے کرنا چاہتے ہیں تو ٹرمینل کھولیں اور یہ کمانڈ دیں۔ 

sudo apt-get update

اور اس کے بعد یہ کمانڈ دیں۔

sudo apt-get upgrade

کچھ ہی دیر میں آپ کے پاس تازہ ترین ایماراک ہوگا۔ اس میں نیا کیا ہے؟

بہت سارے بگ فکسز

آئکنز کا ایک نیا سیٹ جو کے ڈی ای چار کے آکسیجن آئکنز جیسے ہیں۔ ایماراک دو میں آکسیجن آئکن کو مکمل متعارف کروایا جائے گا۔

ایس کیو ایل لائٹ کا نیا ورژن جو آپ کے گانوں کی ڈیٹا بیس بنانے میں زیادہ معاون ثابت ہوگا۔

اور ہاں ایپل کے راک باکس آئی پاڈ کی سپورٹ بھی اس میں شامل ہے۔

وسلام

1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (No Ratings Yet)
Loading ... Loading ...

محفوظاتِ تحاریر

ہمارا موڈ شریف

June 3rd, 2007بذریعہ

ہمارا موڈ بھی عجیب ہے۔ جب پرچے قریب آجائیں پڑھنے کو دل ہی نہیں کرتا۔ لوگ پرچے قریب آنے پر حاجی ہوجاتے ہیں۔ مسجد میں حاضریاں شروع ہوجاتی ہیں۔ زبان پر استغفار کا ورد ہر وقت رہنے لگتا ہے۔ نظریں نیچی اور ہاتھوں میں کتابیں آجاتی ہیں۔ گوشہ نشینی اور راہبانیت اپنا لیتے ہیں۔ اور ایک ہم ہیں۔

سال کے شروع سے لے کر بڑی باقاعدگی سے پڑھتے ہیں۔ ہر ٹاپک ہماری ٹانگ تلے ہوتا۔ کلاس میں ٹور الگ ہوتی ہے۔ اور پرچے نزدیک آجائیں تو کام ختم۔ کہاں کی کتابیں۔ کل ہمارا پرچہ ہے اور ہم صبح سے انٹرنیٹ کے سامنے جمے ہوئے ہیں۔ یونہی کے ڈی ای کی وضع قطع درست کررہے ہیں۔ تھیم ڈاؤنلوڈ ہورہے ہیں۔ ویب سائٹس کا وزٹ ہورہا ہے یہ کہہ کر کہ بس یہی آخری۔ ای میلز چیک ہورہی ہیں۔ رات ایک فلم آئی تھی اس کو دیکھا ہے۔ یعنی پڑھائی کے علاوہ ہر کام۔

سمجھ سے باہر ہے یہ رویہ۔ آخر کس چیز کا ڈر ہے جو پڑھنے سے روکتا ہے۔

کیا آپ اس کے پیچھے کارفرما نفسیاتی وجوہات بتا سکتے ہیں؟ شاید ہم اپنے آپ کو ٹھیک کرسکیں۔

1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (No Ratings Yet)
Loading ... Loading ...

محفوظاتِ تحاریر

گیلیون(Galeon) گنوم کا بنیادی ویب براؤزر فی الوقت (کے)اوبنٹو پر میرے لیے بہترین اردو سائٹ براؤزر

February 23rd, 2007بذریعہ

آج بہت دنوں بعد دوبارہ سے لینکس پر انٹرنیٹ فعال کرواسکا ہوں۔ میں اصل میں روٹر سے براہ راست انٹرنیٹ استعمال کرتا ہوں اور میرے کیبل نیٹ ورک پر آئی پی سسٹم سارے کا سارا DHCP کے تحت ہے یعنی خودکار پی سی جاگتا ہے سرور سے رابطہ کرتاہے اور اس کو ایک آئی پی الاٹ ہوجاتا ہے میرے کیبل نیٹ ایڈمن نے روٹر کی میری درخواست پر نیٹ ورک ہب سے منسلک کرکے مجھے نیٹ استعمال کرنے کی اجازت تو دے دی تھی لیکن اس سے ایک مسئلہ بن رہا تھا جب بجلی بند ہونے کے بعد دوبارہ آتی تو روٹر صاحب بھی جن کا DHCPبھی فعال تھا پراکسی سرور کے ساتھ آئی پی بانٹنے لگ جاتے جس کے نتیجے میں سرور کے فکسڈ آئی پی کے ساتھ اس وقت چلنے والے سسٹم کا آئی پی پھڈا پڑ جاتا ایک ہی آئی پی پر دونوں اپنا راگ الاپنے لگتے اور نیٹ ورک کا بیڑہ غرق ہوجاتا تین چار بار اس سلسلے کو بجلی کی بندش کے بعد آمد سے مسئلہ پیدا ہونے کی وجہ سے منقطع کرنا پڑا اور میں لینکس پر نیٹ کے سلسلے میں محدودہوجاتا آج میں نے آخر روٹر میں جاکر اس کا ڈی ایچ سی پی ہی غیرفعال کروادیا اب چاہے جتنی بار مرضی بجلی بند ہولے روٹر بے چارے کا منہ بند کیا جاچکا ہے۔

لو جی بات کیا کرنی تھی اور کہاں پہنچ گئی۔ ہوا یہ کہ میں نے آج فائر فاکس (اوبنٹو کی آفیشل رپازیٹری سے) اتار کر نصب کیا تو سوچا گیلیون بھی نصب کرکے دیکھ لوں شاید چل جائے آخری بار اسے نصب کیا تھا تو ساتھ فائر فاکس بھی چلا آیا تھا جیسے فلموں میں اداکاراؤں کے ساتھ نانیاں دادیاں چلی آتی ہیں۔ اللہ اللہ کرکے نصب ہوا تو اس نے پراکسی لینے سے انکار کردیا تھا مصر تھا کہ گنوم کو بھی بلایا جائے اب بندہ پوچھے اگر گنوم پر ہی دھکے کھانے تھے تو میں کے ڈی ای پر کیوں آتا۔ اب چونکہ ہمارا نیٹ بغیر پراکسی کے چلتاہے اس لیے یہ ہماری بات مان گیا اور اب ہم اس پر اردو کی سائٹس کو وزٹ کیا کریں گے خصوصًا محفل اور بلاگز جہاں پر ویب پیڈ کنکرر میں چلتا نہ تھا اور جن کا اردو نسخ ایشیا ٹائپ یا کوئی دوسرا فونٹ فائر فاکس میں صحیح نظر نہ آتا تھا۔ محفل کا گیلیون سے ایک منظر

Free Image Hosting at www.ImageShack.us

1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (No Ratings Yet)
Loading ... Loading ...

محفوظاتِ تحاریر

سوِفٹ فاکس(Swiftfox) فائرفاکس کا لینکس روپ

February 7th, 2007بذریعہ

موزیلا فائر فاکس اس وقت مقبول عام آزاد ویب براؤزر ہے۔ ونڈوز لینکس کسی بھی پلیٹ فارم پر اسے ہی استعمال کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ بدقسمتی سے موزیلا نے لینکس کے لیے فائر فاکس کو ٹھیک طرح پالش نہیں کیا جس کی وجہ سے بعض اوقات لینکس پر چلتے ہوئے فائر فاکس رک رک کر چلتا ہے اور کم رفتار سے چل کر سسٹم کو بھی وخت ڈال دیتا ہے۔

اس صورت حال کو اوبنٹو والوں نے اپنی فائر فاکس اشاعت بنا کر پورا کیا ہے۔ شاید باقی قسموں نے بھی کوئی اسی قسم کا حل نکالا ہو جس میں فائر فاکس کو متعلقہ ماحول کے تحت بہتر طریقے سے وضع کیا گیا ہو۔ لیکنہمارے پیش نظر اس وقت اوبنٹو ہے۔ اوبنٹو کا بنا ہوا فائر فاکس استعمال تو کرلیا جائے لیکن انھوں نے اس کی خودکار تازہ کاری کا انتخاب معطل کررکھا ہے جس کی وجہ سے بڑا مسئلہ ہوتا ہے ونڈوز پر تو سیدھے سبھاؤ فائر فاکس خود ہی سارا کام کرکے آپ کو صرف اتنا بتاتا ہے کہ تازہ کاری اتر گئی نصب کرنے کے بارے میں بتائیں ابھی کریں گے یا ذرا ٹھہر کر۔

لیکن ہائے رے اوبنٹو۔ اوبنٹو کی ہر رگ ہی نرالی ہے۔ ہر چیز پر پہرے بٹھا رکھے ہیں انھوں نے۔

لیکن وہ کیا کہتےہیں کہ لوگ بھلا بعض آتے ہیں۔ صاحبو ہم بھی صدا کے ضدی ہیں وہ کام کرتے ہیں جو کرنے سے روکا جائے۔ اس لیے ہم بجائے کہ طےشدہ ورژن استعمال کرتے سوِفٹ فاکس نصب کرلیا۔فائر فاکس کی ہر نئی اشاعت کی کانٹ چھانٹ اور رنگ روغن کرکے سوفٹ فاکس بنا لیا جاتا ہے جو ہے تو فائر فاکس بس نام بدلا ہوا ہے۔ لینکس قسم کی قید سے آزاد یہ براؤزر فائر فاکس سے بہتر نتائج دیتا ہے خصوصًا جب فائر فاکس کو گنوم کے علاوہ استعمال کرنا ہو یعنی کے ڈی ای میں۔

اس کے ریلیز والے صفحے پر جائیں اپنے سی پی یو کے مطابق تنصیب کار سکرپٹ اتاریں اور ٹرمینل سے چلا لیں۔ سوفٹ فاکس اتر کر نصب ہوجائے گا خودکار تازہ کاریوں کو فعال کرنا ہے تو روٹ کھاتے سے داخل ہوکر اس کی ترجیحات میں جاکر اس انتخاب کو نشان زد کردیں آئندہ یہ خودبخود تازہ ہوتا رہے گا۔

اگر ایسا نہیں کرنا تو آٹومیٹکس اس کا بہترین حل ہے۔یہ آپ کے لینکس ورژن(یعنی اوبنٹو کبنٹو ورژن) اور سی پی یو سپیڈ کے مطابق سوفٹ فاکس اتار کر نصب کردیتی ہے ساتھ ہی اس کے دخیلوں یعنی پلگ ان نصب کرنے کا بھی آپشن ہے لگے ہاتھوں وہ بھی نصب کرلیں اور فائر فاکس کے مزے لوٹیں۔ لیکن دخیلے کچھ دیر لے سکتے ہیں جیسے ہمیں کوئی اڑھائی گھنٹے ہونے کو آرہے ہیں ابھی تک اترے ہی نہیں یہی کوئی 50 ایم بی ڈیٹا اتر چکا ہے۔

;)

 

 

1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (No Ratings Yet)
Loading ... Loading ...

محفوظاتِ تحاریر

لینکس کونسی قسم نصب کی جائے اور اس کا حصول

January 7th, 2007بذریعہ

تو جناب اب بات کرتے ہیں کہ لینکس کو نصب کس طرح کیا جائے۔ نہیں اس سے پہلے بھی ایک کام ہے اور وہ ہے کہ آخر کونسا لینکس نصب کیا جائے۔
لینکس کی کئی اقسام ہیں۔ یہ لوگ اسے ڈسٹریبیوشن یا ڈِسٹرو بولتے ہیں۔ کوئی ایک ہزار سے زیادہ اقسام کے لینکس میں سے اپنی پسند کا لینکس چننا بہت مشکل ہے۔ ہر لینکس قسم کا اپنا ایک منشور ہے کوئی صارف کو آسانی مہیا کرنا چاہتا ہے، کوئی مفت سافٹویر کا نعرہ لگاتا ہے، کوئی قسم کاروباری پیمانے پر استعمال کے لیے قیمتًا جاری کی جاتی ہے۔ہم نے چونکہ اپنے ذاتی استعمال کے لیے لینکس نصب کرنا ہے اس لیے میں آپ کو دو قسموں کا مشورہ دوں گا اور وہ ہیں اوبنٹو اور کے اوبنٹو۔
اصل میں یہ ایک ہی کمپنی کے جاری کردہ ہیں۔ اصل پراجیکٹ اوبنٹو ہے لیکن کے ابنٹو یا مختصرًا کبنٹو اس کا بچہ بچونگڑا ہے جس میں کرنل وہی ہے لیکن ڈیسکٹاپ ماحول مختلف ہے۔
ڈیسکٹاپ ماحول کیا ہوتا ہے؟
لینکس اصل میں باہر سے بن کر آنے والے آٹو پارٹس کی طرح ہے جن کو پاکستان میں اسمبل کیا جاتا ہے۔ سمجھ لیں کہ ہر لینکس قسم والے نے اسمبلنگ کا کارخانہ لگا رکھا ہے۔ جس میں وہ باہر سے آنے والے پرزے جوڑ کر اپنی قسم تیار کرلیتے ہیں۔
ہر خدمتگار نظام( آپریٹنگ سسٹم) دو حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ایک اس کا مغز یعنی کرنل جو کہ سی پی یو سے براہ راست رابطہ رکھتا ہے اور کمانڈز کو اس تک پہنچاتا ہے دوسرا وہ تصویری مواجہ (گرافک یوزر انٹرفیس) ہے جو صارف کو نظر آتا ہے اور جس کے ساتھ کھیلنے کی صارف کو کھلی چھوٹ ہوتی ہے۔ لینکس میں کرنل الگ بنایا جاتا ہے اس کے مختلف ورژن ہیں جبکہ اس کے اوپر کام کرنے کے لیے مختلف ڈیسکٹاپ ماحول ہیں۔ ان میں سے کچھ کمرشل ہیں کچھ مفت لیکن مشہور اقسام دو تین ہی ہیں۔

ہوتا یہ ہے کہ ہر قسم کو تیار کرنے کے لیے پہلے ایک عدد لینکس کرنل لیا جاتا ہے اس کے بعد ڈیسکٹاپ ماحول کا انتخاب ہوتا ہے ان کو ملایا جاتا ہے ڈیسکٹاپ ماحول میں اپنی مرضی کے مطابق یا سمجھ لیں کمپنی کی پالیسی کے مطابق کچھ تبدیلیاں کرکے نئی خوبیاں ڈالی جاتی ہیں اور قسم جاری کردی جاتی ہے۔ ہر نئی اشاعت پر نیا لینکس کرنل ورژن، نیا ڈیسکٹاپ ماحول ورژن اور دوسرے عمومی استعمال کے اطلاقیے جو اس میں‌ موجود ہیں کے نئے ورژن ڈال کر نیا ورژن اتارنے کے لیے رکھ دیا جاتا ہے۔ آپ یقینًا سوچ رہے ہونگے اتنا آسان کام؟ ادھر ادھر سے چیزیں‌ اکٹھی کرو اور نیا لینکس نکال دو۔ اصل میں‌ یہ سب اتنا بھی آسان نہیں چونکہ تکنیکی معاونت مہیا کرنا، مختلف پراجیکٹس شروع کرنے کے لیے معاونت دینا،نئی خوبیوں کے مطالبات پر غور کرنا، تازہ کاریوں (اپڈیٹس) اور اصل ورژن کے اتارنے کے لیے سرور کمپیوٹر مہیا کرنا ایک لمبا درد سر ہے اور یہ کام وہی بندہ کرسکتا ہے جو خواب میں بھی لینکس کی کمانڈز میں بات کرے۔ :D :D اصل میں اوبنٹو کو منتخب کرنے کی کچھ وجوہات ہیں۔ اگرچہ بڑے بڑے بابے لینکس موجود ہیں لیکن اوبنٹو کے کچھ فائدے ہیں جو ہم آپ کو آئندہ سطور میں بتاتے ہیں پہلے آپ کو کچھ مشہور اقسام کے نام بتائے دیتے ہیں۔

    لِن سپائر جو کبھی لنڈوز کے نام سے مارکیٹ میں آیا تھا اور اس کا مفت اور آزاد مصدر ورژن فری سپائر

اب بات کرتے ہیں‌ کہ اوبنٹو ہی کیوں؟
پہلی بات تو یہ کہ اوبنٹو کے تین ورژن اس وقت موجود ہیں جو کہ تین مختلف ڈیسکٹاپ ماحول استعمال کرتے ہیں۔ اوبنٹو میں گنوم استعمال ہوتا ہے، کے اوبنٹو میں کے ڈی ای اور ایکس اوبنٹو میں ایکس ایف سی ای۔ زیادہ مشہور اقسام پہلی دو ہی ہیں تیسری قسم کم ہی استعمال ہوتی ہے۔ ان تمام اقسام میں‌ کرنل ایک ہی ہے اور ہر نئی اشاعت پر ہر قسم کا نیا ورژن نکالا جاتا ہے جس میں بنیادی قسم کی چیزیں ہر ایک میں ایک جیسی ہوتی ہیں۔ جیسے شٹ ڈاؤن کے انتخابات( آپشن) تینوں میں ایک جیسے ہونگے۔جبکہ دوسری اقسام کے لینکس کوئی ایک ہی ماحول استعمال کرتے ہیں جیسے فیڈورا کور میں گنوم استعمال ہوتا ہے یا ان کی مختلف ماحولات کے لیے الگ سے اشاعتیں‌ موجود نہیں۔
اوبنٹو کی بہت خاص خوبی اس کا ہر چھ ماہ کے بعد نیا ورژن آنا ہے جو کوئی بھی اور لینکس ڈسٹرو والے نہیں کرتے۔
اوبنٹو کی بہت ہی منظم برادری موجود ہے اس کی چوپالوں پر ہر درد کی دوا موجود ہے۔
اوبنٹو کی ایک خوبی جس کے لیے میں نے اسے پسند کیا تھا اس کی سی ڈیز کا پاکستان میں مفت مہیا کیا جانا تھا۔اگرچہ اب یہ لوگ اسے بند کررہے ہیں لیکن اس کے طویل مدتی معاونت شدہ ورژن اوبنٹو 6.06 کے لیے اب بھی یہ سہولت موجود ہے۔
اوبنٹو کی تازہ کاریاں بڑی باقاعدگی سے وارد ہوتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے سسٹم کسی بھی قسم کے خطرے سے بچا رہتا ہے نیز سافٹویر کی تازہ کاریوں سے تازہ ترین ورژن نئی نئی خوبیوں کے ساتھ آپ کی دسترس میں‌ ہوتا ہے۔
ہاں آپ کو اس سلسلے میں کچھ مسائل درپیش ہوسکتے ہیں ان میں سے ایک تو یہ ہے کہ اوبنٹو میں طےشدہ طور پر روٹ یعنی سسٹم کے منتظم ایڈمن صاحب کا کھاتہ بند ہے جس کی وجہ سے سافٹویر کی تنصیب میں‌ مشکلات ہوسکتی ہیں لیکن صارف اس کا عادی ہوجاتا ہے۔ اور ہاں اس کو کھولا بھی جاسکتا ہے ہم ذاتی طور پر اس کی تنصیب کے بعد پہلا کام روٹ کھاتہ کھولنے کا کرتے ہیں اور یہ گر آپ کو بھی بتا دیں‌ گے۔
دوسری مشکل جو درپیش ہوسکتی ہے وہ ہے گانوں اور عمومی نوعیت کی ویڈیو فائلز چلانے میں‌ دشواری چونکہ ان کے کوڈکس ایک ملکیتی مال ہیں اس لیے اوبنٹو کی بنیادی تنصیب کے ساتھ یہ نصب نہیں‌ ہوتے۔ صارف کو یہ بعد میں اتار کر نصب کرنا ہوتے ہیں لیکن یہ بھی کوئی مسئلہ نہیں رہنمائیاں موجود ہں صرف ان پر عمل کرنے میں یا اتارنے میں وقت لگتا ہے بلکہ ایک بار پیکج اتار کر آپ اسے دوبارہ استعمال کے لیے محفوظ کرسکتے ہیں سی ڈی بنا سکتے ہیں۔
خیر یہ تو تھا اوبنٹو لینکس بمقابلہ دوسرے لینکس اب ہم بات کرتے ہیں اوبنٹو کو حاصل کس طرح کیا جائے۔
اوبنٹو کو اگر سی ڈی پر حاصل کرنا ہے تو آپ اوبنٹو شپ اٹ یا کے اوبنٹو شپ اٹ پر چلے جائیں۔وہاں مندرج ہوکر سی ڈیز کا آرڈر دے دیں اور سی ڈیاں آپ کے گھر پہنچ جائیں گی لیکن یہ کچھ وقت لے گا کوئی چار سے چھ ہفتے۔ لیکن ہوگا سب مفت اگر آپ نے جلدی حاصل کرنا ہے تو اس کی سی ڈی امیج اتار کر خود سے سی ڈی رائٹ کرسکتے ہیں۔ اگر کچھ پیسے خرچ کرنے کا موڈ ہے تو ان کے عالمی تقسیم کار موجود ہیں جو پیسے لے کر سی ڈی آپ کے گھر پہنچا دیں گے۔ پاکستان میں لینکس کی تمام اقسام کے تقسیم کار یعنی لینکس پاکستان والوں سے بھی اوبنٹو کی سی ڈیاں حاصل کی جاسکتی ہیں اور انتہائی سستے داموں صرف 35 روپے میں۔(مختلف قسم کے لیے ریٹس مختلف ہوسکتے ہیں) لیکن ان کا دفتر کراچی میں‌ ہے۔ اگر آپ خود کراچی نہیں رہتے تو اپنے کسی دوست سے جو کراچی میں رہتا ہو رابطہ کرکے سی ڈی حاصل کرسکتے ہیں۔ ہمارا مشورہ تو یہ ہے کہ سی ڈی خود ہی اتار کر اسے رائٹ کیجیے گا۔
اور آخر میں آپ کو بتاتے چلیں کہ تنصیب اور وضع قطع کے سارے مراحل کے اوبنٹو( اگرچہ تازہ ترین ورژن 6.10 ہے لیکن ہم سارا کام 6.06 والے ورژن پر کریں گے جو کہ زیادہ استحکام پذیر ہے اور یہ 2009 تک معاونت شدہ بھی ہے۔) پر طے ہونگے۔چونکہ ہم بنیادی طور پر کبنٹو کے صارف ہیں۔ اگرچہ اوبنٹو بھی اچھی چیز ہے لیکن کے ڈی ای کا سواد جس کو لگ جائے وہ کم ہی گنوم کی طرف دیکھتا ہے۔

1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (No Ratings Yet)
Loading ... Loading ...

محفوظاتِ تحاریر

میں اور میرا لینکس :)

October 28th, 2006بذریعہ

مجھے بھی الٹی ہی سوجھا کرتی ہیں۔ اول تو لینکس کو ہاتھ تک نہ لگاؤں ( یہ الگ بات ہے کہ پچھلے 8 ماہ سے باقاعدہ نصب شدہ رکھتا ہوں اسے)۔ کبھی لینکس پر آجاؤں تو ونڈوز کو چھوؤں بھی نہ۔ لینکس پر بھی مجھے ہمیشہ ایک ہی کام سوجھتا ہے۔ نئے نئے سافٹویر تلاشنا پھر انھیں اتار کر نصب کرنا، ان کے ساتھ پنگے بازی کرنا اور آخر اپنے سسٹم کو کریش کرکرے دوبارہ لینکس نصب کرنا خدا جھوٹ‌ نہ بلوائے تو کم از کم دس بار لینکس نصب کرچکا ہوں۔ کبھی اوبنٹو کبھی کبنٹو۔ اور آج کل میں سوچ رہا ہوں اگر زبنٹو کی سی ڈی مل جائے تو اسے بھی ٹرائی کروں۔:D ابھی تک میں لینکس پر ٹرائیاں کررہا ہوں۔ کبھی فری سپائر کا سوچتا ہوں۔ کبھی اوبنٹو اچھا لگنے لگتا ہے اور کبھی کبنٹو سے بہتر کچھ بھی نہیں لگتا۔ لینکس پر آنلائن ہوں اور جب سے کیبل نیٹ لگی ہے تب سے میرا واحد مشغلہ ویب براؤزنگ اور ڈاؤنلوڈنگ ہوتا ہے۔ بیٹھے بیٹھے سو ڈیڑھ سو میگا بائٹ کے سافٹویر اتار لینا میرے لیے معمولی بات ہے۔ کبھی کے ڈی ای کوجدید کیا جارہا ہے یہ الگ بات ہے کہ دو بار اسی وجہ سے مار کھا چکا ہوں۔ کے ڈی ای اپگریڈ کیا دوران تنصیب بجلی چلی گئی اور پھر جب کے ڈی ای چلا تو سکرین کی ریزولوشن غائب۔ اسی اکھاڑ پچھاڑ نے مجھے آٹومیٹکس کی طرف متوجہ کیا۔ آٹومیٹکس ایک خودکار تنصیب کار ہے۔ اصل میں ایک سکرپٹ لیکن کام بہترین کرتی ہے اگرچہ ایک لینکس گرو نے اس جیسی چیزوں سے دور رہنے کی تلقین کی تھی کہ یہ سسٹم کو کریش کردیتی ہیں لیکن‌ سنتا کون ہے۔ اس وقت بھی میں آٹومیٹکس سے کے آفس کا تازہ ترین ورژن اتار رہا ہوں۔ ایویں اتارنا تھا اوپن آفس کا کلپ آرٹ اس میں مسئلہ آرہا تھا میں نے کہا چلو یہ ہی سہی۔ آٹو میٹکس کئی عمومی استعمال کے لینکس پروگرام صرف ایک کلک پر نصب کردیتی ہے ۔ اگر لینکس استعمال کرتے ہیں تو اسے ضرور ٹرائی کیجیے گا۔ یہاں لینکس سے مراد اوبنٹو اور اس کی ذیلی اقسام ہیں۔ آٹومیٹکس صرف اوبنٹو اور میپس کو سپورٹ کرتی ہے فی الحال۔ اس کی تنصیب بہت سادہ ہے جو آپ کو اس کی ویب سائٹ پر مل جائے گی۔ اب تو اس کا ورژن دو آچکا ہے جس میں بہت آسانی ہوگئی ہے اس سے نصب شدہ سافٹویر اسی کے ذریعے نکالے بھی جاسکتے ہیں۔ سو ٹرائی کیجیے گا۔ کوئی مسئلہ ہو تو میں حاضر ہوں۔:D

1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (No Ratings Yet)
Loading ... Loading ...

محفوظاتِ تحاریر

لینکس اردو نوٹ پیڈ

October 27th, 2006بذریعہ

نعمان کی دعا اللہ میاں نے آخر سن ہی لی اور اوبنٹو میلنگ لسٹ کے ایک دوست جناب سعات سعید نے پائتھون میں ایک سادہ سا اردو مدوِن لکھا ہے جو صوابدیدی کی بورڈ ، انگریزی سے اردو اور اردو سے انگریزی اور اس طرح کی عمومی خوبیوں پر مشتمل ہے۔ اس کو یہاں سے اتارا جاسکتا ہے۔ اس کو بنیادی طور پر گنوم ڈیسکٹاپ ماحول کے لیے لکھا گیا ہے لیکن کے ڈی ای پر بھی چل سکتا ہے۔ صرف ایک مسئلہ جو پیدا ہوتا ہے وہ ہے گنوم کا پرنٹ ماڈیول جو یہ درآمد کرنے کی کوشش میں کے ڈی ای پر منہ کے بل گرنا ہے۔ اس کا حل ہے کہ مین پی وائی فائل میں سطر نمبر پانچ مٹا دی جائے۔ جب میں نے ایسا کیا تو میرے سسٹم پر چلا کیا دوڑا۔ لینکس میں اردو کی سپورٹ اگرچہ ہے لیکن اس میں دائیں سے بائیں کی کوئی سپورٹ نہیں جس کی وجہ سے اردو لکھتے ہوئے بہت مسئلہ ہوتا ہے۔ دو تین سطور کے بعد مدوِن الفاظ توڑنا شروع کردیتا ہے یا الٹے دکھانے لگتا ہے۔ ہر نئی سطر پر ماؤس اشاریہ بائیں طرف چلا جاتا ہے۔ اردو ایڈیٹر ان سارے مسائل کو کسی حد تک حل کردیتا ہے۔ بہرحال یہ اردنوٹ پیڈ ایک اچھی کاوش ہے لیکن اس میں بھی بہتری کی ضرورت ہے۔ جیسے اس میں ہر بار فونٹ خود سے منتخب کرنا پڑتا ہے چونکہ بنیادی فونٹ ایک تو بھدا ہے دوسرے اردو ٹھیک نہیں لکھتا۔ چھ کو چ‌ھ لکھ دیتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں اردو کے موڈ میں کنٹرول پر مشتمل تیز راہیں یعنی شارٹ کٹس کام نہیں کرتے۔ کافی نازک مزاج ہے دو تین ابھی میں فونٹ ڈھونڈ ہی رہا تھا کہ کریش ہوگیا۔ دعا ہے اللہ سعادت سعید صاحب اور دوسرے پروگرامر احباب کو توفیق دے تاکہ اس کے بنیادی ایرر دور کرکے اس میں دوسری مناسب خوبیاں بھی شامل کرسکیں۔ آمین۔ اور ہاں میرے سسٹم پر اردو ایڈیٹر ایکشن میں Free Image Hosting at www.ImageShack.us

1 Star2 Stars3 Stars4 Stars5 Stars (No Ratings Yet)
Loading ... Loading ...